سرورق / بین اقوامی / گاڑی چلانے کی خوشی۔سعودی خواتین نے جشن منایا –

گاڑی چلانے کی خوشی۔سعودی خواتین نے جشن منایا –

جدہ:سعودی خواتین کی ڈرائیونگ پر عشروں سے عائد پابندی ختم کیے جانے پر آج خواتین جشن منا رہی ہیں۔ خواتین شہریوں کو گاڑی چلانے کی اجازت دینا دراصل سعودی ولی عہد کی سماجی اصلاحات کے پلان کا ایک حصہ ہے۔ اتوار کی رات 12؍بجتے ہی سعودی خواتین ڈرائیورز نے ریاض اور دیگر شہروں میں اپنی کار میں بلند آواز میں میوزک چلا کر اس پابندی کے خاتمے کا جشن منایا۔ ایک ٹی وی ٹاک شو کی میزبان اور مصنفہ سمر الموگرین نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا،’’ مجھے پتہ تھا کہ ایسا ہو گا لیکن اتنی جلدی ایسا ہونے کی توقع نہیں تھی۔ مجھے لگ رہا ہے کہ میں کسی پرندے کی طرح آزاد ہوں۔‘‘ ٹی وی میزبان سبیکا دوساری نے گاڑی چلانے کی اجازت ملنے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا،’’ یہ ہر سعودی خاتون کے لئے تاریخی لمحہ ہے۔‘‘ سعودی حکومت کے اس اقدام سے خواتین کے لئے بہت سہولت ہو گئی ہے۔ اب انہیں کہیں آنے جانے کے لئے ڈرائیوروں یا مرد رشتہ داروں پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔ سعودی عرب میں ایک مشاورتی فرم کا کہنا ہے کہ2020ء تک قریب 30؍لاکھ خواتین ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر کے گاڑی چلا سکیں گی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سعودی حکومت کی لچک دار اور لبرل تصویر اجاگر کرنے کی کوششوں میں ہیں۔ تاہم ایک طرف تو محمد بن سلمان نے خواتین کے گاڑی چلانے پر عائد پابندی ختم کرنے کا فرمان جاری کیا ہے لیکن دوسری جانب حقوق نسواں کے لئے آواز اٹھانے والی سرگرم عمل خواتین کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ولی عہد محمد بن سلمان نئی اصلاحات کے ذریعے بظاہر ملک میں موجودہ سخت سماجی قوانین میں نرمی لانا چاہتے ہیں لیکن حالیہ کریک ڈاؤن نے سعودی عرب میں ولی عہد کے ترقی پسندانہ رحجانات کے نفاذ کے عمل کو متاثر بھی کیا ہے۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان اور ان کے 32؍ سالہ بیٹے شہزادہ محمد بن سلمان نے اس سال شاہی خاندان کی جانب سے رائج برسوں پرانے قوانین، سماجی روایات اور کاروبار کرنے کے روایتی طریقوں میں تبدیلی پیدا کی۔ یہ دونوں شخصیات اب اس ملک کی نوجوان نسل پر انحصار کر رہی ہیں جو اب تبدیلی کی خواہش کر رہے ہیں اور مالی بدعنوانیوں سے بھی تنگ ہیں۔

Leave a comment

About saheem

Check Also

عازمین حج کا پہلاقافلہ روانہ،وزیر حج کانیک تمناؤں کااظہار –

نئی دہلی، اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج عازمین حج کے …

جواب دیں

%d bloggers like this: