سرورق / خبریں / کشمیر میں جنگجویانہ حملوں میں شدت، محبوبہ مفتی برہم، کہا جنگجو امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کررہے ہیں –

کشمیر میں جنگجویانہ حملوں میں شدت، محبوبہ مفتی برہم، کہا جنگجو امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کررہے ہیں –

سری نگر ، جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وادی کشمیر میں ’رمضان سیز فائر‘ کے باوجود جنگجوؤں کے حملے جاری رہنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی متشدد کاروائیاں جاری رکھ کر جنگجو امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ محترمہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’جہاں ہم یہ محسوس کررہے ہیں کہ سیز فائر کی بدولت اہلیان جموں وکشمیر کو کافی حد تک راحت نصیب ہورہی ہے، وہیں جنگجو اپنی متشدد کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی مسلسل کوششیں کررہے ہیں۔ میں امید کرتی ہوں کہ انہیں بہت جلد احساس ہوگا کہ ایسی کاروائیوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا‘۔
واضح رہے کہ وادی میں رواں ماہ کے گذشتہ چھ دنوں کے دوران سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر کم از کم ایک درجن گرینیڈ حملے کئے گئے جن کے نتیجے میں سیکورٹی فورس اہلکاروں کے سمیت قریب دو درجن افراد زخمی ہوئے۔ ریاستی پولیس نے یکم جون کو گرمائی دارالحکومت سری نگر میں سیکورٹی الرٹ جاری کردیا تھا۔ پولیس نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا ’جنگ بدر کی یاد میں 2 جون کو منائی جانے والی تقریبات کے موقع پر پہلی ، دوسری اور تیسری جون کو فدائین اور ہٹ اینڈ رن حملوں کا امکان بہت زیادہ ہے‘۔ وادی میں جنگجویانہ حملوں میں شدت ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب مرکزی حکومت نے وادی میں جنگجوؤں کے خلاف آپریشنز معطل رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
مرکزی حکومت نے 16 مئی کو وادی میں ماہ رمضان کے دوران سیکورٹی فورسز کے آپریشنز کو معطل رکھنے کا اعلان کیا۔ تاہم جنگجوؤں کی طرف سے حملے کی صورت میں سیکورٹی فورسز کو جوابی کاروائی کا حق دیا گیا۔ وزارت داخلہ کے اس اعلان کے ساتھ وادی میں جنگجوؤں کے خلاف جاری آپریشن آل آوٹ اور کارڈن اینڈ سرچ آپریشنز پر بریک لگ گئی ۔ محترمہ مفتی نے 9 مئی کو سری نگر کے ایس کے آئی سی سی میں بلائی گئی کُل جماعتی اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد کہا تھا کہ ماہ رمضان اور سالانہ امرناتھ یاترا کے پیش نظر مرکزی سرکار سے وادی کشمیر میں یکطرفہ فائر بندی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جنگجو مخالف آپریشنوں سے عام لوگوں کو تکالیف اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

Leave a comment

About saheem

Check Also

بھونگیر حادثہ۔تلنگانہ کے وزیراعلی کا اظہار افسوس

حیدرآبادتلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھر راو نے ضلع یادادری بھونگیر میں پیش آئے سڑک حادثہ …

جواب دیں

%d bloggers like this: