سرورق / خبریں / پی ڈی پی سے اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اس نے لوگوں کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ کیا ہے: پی چدمبرم

پی ڈی پی سے اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اس نے لوگوں کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ کیا ہے: پی چدمبرم

کرگل ، کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہا کہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سے اتحاد کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ ایک بہت بڑا دھوکہ کیا ہے اور اسے اہلیان ریاست کبھی معاف نہیں کریں گے۔ پی چدمبرم جن کی قیادت میں کانگریس پارٹی کا پالیسی پلاننگ گروپ خطہ لداخ کے دورے پر آیا ہوا ہے، نے ان باتوں کا اظہار گذشتہ رات یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ کانگریس کے پی ڈی پی سے اتحاد سے متعلق افواہوں کے بارے میں پوچھے جانے پر پی چدمبرم نے کہا ’پی ڈی پی کے ساتھ اتحاد کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یہ بات ہم متعدد بار کہہ چکے ہیں‘۔ انہوں نے کہا ’میں نے پہلے ہی دن کہا تھا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کا اتحاد ایک ناپاک اتحاد ہے۔ پی ڈی پی نے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ وہ اس جماعت کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ لوگ آج خوش ہیں کہ یہ اتحاد زیادہ دیر تک ٹک نہیں پایا۔ آپ کو اگلے انتخابات میں مختلف نتائج دیکھنے کو ملیں گے‘۔
پی چدمبرم نے کہا کہ پارٹی کے پالیسی پلاننگ گروپ کے دورہ لداخ کا مقصد آنے والے پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں کی جارہی تیاریوں کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے کہا ’یہ دورہ جموں وکشمیر کے لوگوں تک پہنچنے کے لئے کیا گیا ہے۔ ہم لوگوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ہم اضلاع کا بھی دورہ کریں گے۔ ہم لوگوں کے مختلف طبقوں سے ملنے کی کوش کریں گے۔ یہ ملاقاتیں ہمیں انتخابات کے لئے تیار ہونے میں مدد کرتی ہیں۔ ہم لوگوں سے مل کر جاننے کی کوشش کریں گے کہ وہ ناراض کیوں ہیں اور ان کے مطالبات کیا ہیں۔ ہم نے یہاں قریب 12 وفود اور کانگریس پارٹی کے 300 کارکنوں سے ملاقات کی‘۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے کہا کہ پارٹی کا دورہ لداخ بہت اچھا رہا۔ اُن کا کہنا تھا ’کئی ایک وفود نے یہاں ہم سے ملاقات کی۔ ہم جب پچھلی بار سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کی قیادت میں جموں وکشمیر کے دورے پر آئے تھے تو ہم اس وقت یہاں نہیں آپائے تھے۔ ہماری یہاں میٹنگ بہت اچھی رہی۔ اس دوران ریاست بالخصوص وادی کشمیر میں پیدا ہوئی صورتحال پر بھی بحث ہوئی۔ کانگریس لداخ ہل کونسل کے انتخابات لڑے گی اور جیت جائے گی‘۔

Leave a comment

About saheem

Check Also

کانگریس پارٹی سے مجھے کوئی بیزارگی نہیں: کمار سوامی

رام نگرم: مجھے کانگریس پارٹی کی طرف سے کوئی الجھن نہیں ہے اور نہ ہی …

جواب دیں

%d bloggers like this: