سرورق / خبریں / وزیر اعظم ملک میں انتخابی بے قاعدگیوں پر قابو پائیں:رمیش کمار

وزیر اعظم ملک میں انتخابی بے قاعدگیوں پر قابو پائیں:رمیش کمار

سرینواس پور: یہاں اساتذہ بلگاکی جانب سے شری سرینواس کلیان منٹپ میں اسمبلی اسپیکر کے آر رمیش کمار اور اساتذہ حلقہ سے کونسل کیلئے منتخب وائی اے نارائن سوامی کو تہنیت پیش کی گئی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رمیش کمار نے ملک میں انتخابی بے قاعدگیوں اور دھاندلیوں پر سخت برہمی کا اظہار کیااور کہا کہ انتخابات میں منتخب عوامی نمائندے ڈاکٹر امبیڈکر کے نام پر حلف لیتے ہیں لیکن ان کے اصولوں پر نہیں چلتے ۔ انہوں نے کہا کہ منتخب امیدوار دعویٰ کرتے ہیں کہ انتخابات میں 70تا80کروڑ روپئے خرچ ہوئے ہیں اس طرح وہ رائے دہندگان کی بے حرمتی کررہے ہیں۔ تہنیت قبول کرتے ہوئے رمیش کمار نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار ملک کوفروخت کرنے والے بھی ہیں اور بہتر اخلاق کے مالک بھی ہیں آج انتخابی نظام اتنا پر اگندہ ہوگیا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے میں دلچسپی کم ہوتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے آپ کو دیش بھگت قرار دیتے ہیں اگر وہ واقعی سچے دیش بھگت ہیں تو ملک میں انتخابی بے قاعدگیوں پر قابو پائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بی جے پی کے اصولوں سے اتفاق نہیں رکھتے لیکن یہاں تہنیت قبول کرنے آئے نارائن سوامی کو جن کا تعلق بی جے پی سے ہے بھائی مانتا ہوں۔انہوں نے بتایا کہ انتخابی بے قاعدگیوں کی وجہ سے وائی اے نارائن سوامی نے ہیبال حلقہ سے شکست کھائی جس کے بعد کونسل میں حصہ لے کر جیت حاصل کی ہے ۔ انہوں نے افسوس کااظہار کیا کہ شہری علاقوں میں تمام سہولتیں فراہم کرنے کے باوجود 25فیصد پولنگ ہوئی لیکن دیہی علاقوں میں 89فیصد پولنگ سے خوشی ہوئی ہے۔ رکن کونسل وائی اے نارائن سوامی نے تہنیت قبول کرتے ہوئے کہا کہ دیگر تمام طبقات کے مقابلہ اساتذہ کا طبقہ مختلف اور قابل بھروسہ ہے ایک عام کسان کے خاندان سے تعلق رکھنے والے کو اساتذہ نے کونسل کیلئے منتخب کیا ہے جس کا میں مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی بقاء کیلئے تعلیم بے حد ضروری ہے اور یہ کام صرف اساتذہ ہی کرسکتے ہیں ، آج ہمارے بچوں کومعیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اقدار پر مبنی تعلیم کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شعبۂ تعلیم میں بے شمار مسائل ہیں انہیں حل کرنے کی ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے اس سلسلہ میں وہ ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ اساتذہ پر اعلیٰ حکام کی ایذا رسانی کو وہ ہر گز برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ رمیش کمار جیسے تجربہ کار بزرگ سیاستدان کے ساتھ مل کر حلقہ کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس موقع پر ہائی اسکول ، پرائمری ، کالج اور امدادی و نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے رمیش کمار اورنارائن سوامی کو تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر مختلف اساتذہ تنظیموں کے صدور عہدیداران ، اساتذہ کے علاوہ کوچمل کے مینجنگ ڈائرکٹر ہنومیش ، نجی تعلیمی اداروں کے صدر ننجنڈے گوڈا ، سکریٹری گوپال گوڈا ، شنکرپا ، بی ای او شمس النساء ودیگر موجود رہے۔

Leave a comment

About saheem

Check Also

کروناندھی کی حالت بگڑی –

چنئی (ایجنسیز) تملناڈو کے سابق وزیر اعلیٰ اور ڈی ایم کے کے سربراہ ایم کروناندھی …

جواب دیں

%d bloggers like this: