سرورق / خبریں / سری نگر میں نامعلوم بندوق برداروں کے حملے میں سینئر صحافی شجاعت بخاری اور ان کا ذاتی محافظ ہلاک

سری نگر میں نامعلوم بندوق برداروں کے حملے میں سینئر صحافی شجاعت بخاری اور ان کا ذاتی محافظ ہلاک

سری نگر،  (یو ا ین آئی ) جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کی پریس کالونی میں جمعرات کی شام نامعلوم بندوق برداروں نے سینئر صحافی شجاعت بخاری کی گاڑی پر حملے کرکے انہیں اور ان کے ایک ذاتی محافظ (پی ایس او) کو ہلاک کردیا۔ حملے میں شجاعت بخاری کا دوسرا پی ایس او زخمی ہوا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم بندوق برداروں نے جمعرات کی شام قریب ساڑھے سات بجے پریس کالونی سری نگر میں شجاعت بخاری کی گاڑی کو نشانہ بناکر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ اور ان کے دو پی ایس او شدید طور پر زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا ’مسٹر شجاعت اسپتال لے جانے کے دوران دم توڑ بیٹھے‘۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمی پی ایس اوز کو علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر کے مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ صحافی شجاعت بخاری انگریزی روزنامہ ’رائزنگ کشمیر‘، اردو روزنامہ ’بلند کشمیر‘، کشمیری روزنامہ ’سنگرمال‘ اور ہفتہ وار اردو میگزین ’کشمیر پرچم‘ کے ایڈیٹر تھے۔ ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا کہ شجاعت بخاری اور ان کے پی ایس اوز پر حملہ ’رائزنگ کشمیر‘ کے دفتر کے باہر کیا گیا۔ انہوں نے کہا ’موٹرسائیکل پر سوار تین افراد نے شام کے قریب ساڑھے سات بجے شجاعت بخاری کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مسٹر بخاری اور ان کے دو پی ایس اوز زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے مسٹر بخاری اور ایک پی ایس او دم توڑ بیٹھے‘۔ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے شجاعت بخاری کی ہلاکت پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ’شجاعت بخاری کی اچانک موت سے انتہائی حیران و پریشان ہوں۔ دہشت گردی کی لعنت نے عید کے موقع پر اپنا اصل چہرہ دکھا دیا ہے۔ میں اس بے رحمانہ تشدد کی سختی سے مذمت کرتی ہوں اور اللہ تعالیٰ سے اس کے روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کرتی ہوں‘۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا ’انا للہ وانا الیہ راجعون۔ میں اپنے غم کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔ اللہ شجاعت کو جنت نصیب کرے اور ان کے پسماندگان کو اس مشکل وقت میں ہمت عطا کرے‘۔

Leave a comment

About saheem

Check Also

مراٹھواڑہ میں زوردار بارش –

اورنگ آباد : مراٹھواڑہ میں اورنگ آباد ، عثمان آباد،لاتور ،ہنگولی ، پربھنی اور ناندیڑ …

جواب دیں

%d bloggers like this: