سرورق / کھیل / سری لنکا میں آج سے سہ رخی ٹی20- سیریز فاتحانہ آغاز کے لئے میدان میں اترے گی ہندوستانی ٹیم-

سری لنکا میں آج سے سہ رخی ٹی20- سیریز فاتحانہ آغاز کے لئے میدان میں اترے گی ہندوستانی ٹیم-

کولمبو، 5 مارچ (یو این آئی) سلامی بلے باز روہت شرما کی قیادت والی نوجوان ہندوستانی کرکٹ ٹیم منگل کو میزبان سری لنکا کے خلاف ہونے والے سہ رخی ٹی 20 سیریز کے اپنے پہلے میچ میں فاتحانہ آغاز کے ارادے سے میدان پر اترے گی۔سہ رخی سیریز میں حصہ لے رہی تیسری ٹیم بنگلہ دیش ہے ۔جنوبی افریقہ کے طویل دورے کے بعد سہ رخی ٹی 20 سیریز کے لئے کپتان ویراٹ کوہلی اور مہیندر سنگھ دھونی سمیت اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے اور روہت شرما کو ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے جبکہ شکھر دھون سیریز میں نائب کپتان ہوں گے ۔ہندوستان کو سیریز کے اپنے پہلے میچ میں اہم تیز گیند بازوں بھونیشور کمار، جسپریت بمراہ، آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور کلائی کے اسپنر کلدیپ یادو کے بغیر میدان میں اترنا ہوگا جس سے روہت کیلئے ٹیم تال میل طے کرنا مشکل ہو جائے گا۔اگرچہ ایسے میں وکٹ کیپر رشبھ پنت، آل راؤنڈر وجے شنکر اور واشنگٹن سندر ، بلے باز دیپک ہڈا اور تیز گیند باز محمد سراج کے پاس سیریز میں خود کو ثابت کرنے کا موقع رہے گا۔اس کے علاوہ تقریبا ایک سال بعد ٹیم میں واپس آ رہے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20-سیریز کا حصہ رہے سریش رائنا پر بھی سب کی نگاہیں رہیں گی۔رائنا اس دورے پر اچھی کارکردگی کرکے ون ڈے ٹیم میں اپنی جگہ یقینی کرنا چاہتے ہیں۔ٹی 20- رینکنگ میں تیسرے نمبر پر قابض ہندوستان نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے دورے پر ون ڈے 5۔1 سے اور ٹی 20- سیریز 2۔1 جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔ ہندوستان نے 25 سال بعد جنوبی افریقہ کی سرزمین پر کوئی دو طرفہ سیریز جیتی ہے اس سے ٹیم کا حوصلہ کافی بلند ہے اور ہندوستانی ٹیم چاہے گی کہ وہ اپنی اسی کارکردگی اور تال کو یہاں بھی برقرار رکھے ۔ہندوستان نے آر پریما داسا اسٹیڈیم میں آخری بار عالمی رینکنگ میں آٹھویں نمبر کی سری لنکا کے خلاف چھ ستمبر 2017 کو آخری ٹی 20- میچ کھیلا تھا جس میں اس نے چار گیند باقی رہتے سری لنکا کو سات وکٹ سے ہرا دیا تھا۔ہندوستان نے اس میدان پر اب تک چھ ٹی 20 میچ جیتے ہیں اور ایسے میں ہندوستانی ٹیم چاہے گی کہ وہ اپنے اس ریکارڈ کو برقرار رکھے ۔ویسے ہندوستان اور سری لنکا نے اب تک ایک دوسرے کے خلاف14 ٹی 20 میچ کھیلے ہیں جس میں ہندوستان نے 10 اور سری لنکا نے محض چار میچ جیتے ہیں۔سیریز کے لئے اس بار ٹیم میں رشبھ پنت اور آئی پی ایل کے 11 ویں ایڈیشن کے لئے کولکتہ نائٹ رائڈرس کے کپتان بنائے گئے دنیش کارتک کے طور پر دو دو وکٹ کیپر بلے باز موجود ہیں۔اگرچہ پنت کے مقابلے میں کارتک کو ٹی 20- بین الاقوامی میچوں کا زیادہ تجربہ ہے ۔ کارتک نے اب تک 14 ٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں جبکہ پنت نے محض دو میچ کھیلے ہیں ۔ ایسے میں یہ دیکھنا ہوگا کہ آخری الیون میں کارتک یا پنت میں کسے شامل کیا جاتا ہے ۔ہندوستان نے جب گزشتہ جولائی اگست میں سری لنکا کا دورہ کیا تھا تب اس نے میزبان ٹیم کے خلاف تینوں فارمیٹ میں کلین سویپ کیا تھا۔ ہندوستان نے اس دورے پر تینوں ٹسٹ، پانچوں ون ڈے اور واحد ٹی 20 میچ جیتا تھا۔اس کے بعد سری لنکا نے جب گزشتہ سال کے آخر میں نومبر دسمبر میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا تب بھی اسے تینوں فارمیٹ کی سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Leave a comment

About saheem

Check Also

وزیر کھیل راٹھور سے ملے لکشے سین –

نئی دہلی، جونیئر ایشیائی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں 53 سال کے طویل وقفے کے بعد …

جواب دیں

%d bloggers like this: