سرورق / خبریں / حجاج کرامحج کے فیض و اثر کو زندگی بھر باقی رکھیں۔مولاناہاشمی وجئے پور ضلع کے عازمین حج کے لئے ٹیکہ کاری پروگرام –

حجاج کرامحج کے فیض و اثر کو زندگی بھر باقی رکھیں۔مولاناہاشمی وجئے پور ضلع کے عازمین حج کے لئے ٹیکہ کاری پروگرام –

وجئے پور ۔ (رفیع بھنڈاری) ادائیگی حج کے بعد ہر حاجی کو چاہئے کہ اس کی شان وعظمت کو بحال رکھتے ہوئے حج کے اثر و فیض کو ساری زندگی باقی رکھیں اور اللہ والی زندگی بسر کریں۔ کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام ضلع وجئے پور کے عازمین حج کے لئے یہاں عالمگیر شادی ہال میں منعقد ٹیکہ کاری کے ایک پروگرام کے تحت منعقدہ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید تنویر پیراں ہاشمی نے اس خیال کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح طور پر بتایا کہ جس طرح ماہ رمضان کا اثر سال کے بقیہ مہینوں میں باقی رکھنے کی ضرورت ہے اسی طرح حج کا اثر ساری عمر باقی رکھتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لئے ہمیں حج کے بعد کی زندگی میں بھی صوم و صلوٰۃ کا پابند رہنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حاجیوں کی سماج میں قدر ومنزلت اس لئے اعلیٰ اور بلند ہوتی ہے کہ حج سے فارغ ہونے کے بعد اللہ تعالیٰ ان کے تمام گناہوں کو مٹادیتا ہے ۔ مولانا تنویر پیراں نے نہایت سنجیدگی کے ساتھ کہا کہ ہمارا ملک ہندوستان نازک حالات سے گزررہا ہے ۔ ہمیں امن وامان اور چین و سکون کی ضرورت ہے ۔لہٰذا عازمین حج سے گزارش کی جاتی ہے کہ دوران حج ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کریں ۔ اس موقع پر مولانا محبوب الرحمن مدنی نے اپنے خطاب میں واضح الفاظ میں بتایا کہ کسی بھی انسان کے کام آنا اور مصیبت کی گھڑی میں ایک دوسرے کا درد ،دکھ بانٹ لینابھی عبادت ہے ۔ انہوں نے آواز دی کہ انسانی ہمدردی کے تحت ایک دوسرے کے کام آئیں ۔سابق ریاستی وزیر ڈاکٹر ایم بی پاٹل نے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہوئے اپنے اپنے عقائد کے مطابق جیتنے کا حق ہر ایک کوحاصل ہے مگر چند فسطائی طاقتیں مذہب کے نام پر بھائی چارہ اور امن میں خلل پیدا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ شہر وجئے پور کے مسلمانوں کو ایسی طاقتوں سے ہرگز گھبرانے کی ضرورت نہیں ، میں اقتدار میں رہوں یا نہ رہوں مسلمانوں کے ساتھ ہمیشہ رہوں گا۔ یہ ہماری خاندانی روایت ہے جو میرے والد محترم آنجہانی بی ایم پاٹل سے چلی آرہی ہے ۔ انہوں نے شہر وجئے پور کے عادل شاہوں اور بارہویں صدی کے سماجی اصلاح کار بسونا کو جوڑتے ہوئے کہاکہ سرزمین وجئے پور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا انوکھا سنگم ہے ۔یہاں امن وامان میں خلل پیدا کرنے والوں کے ناپاک ارادے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ایم بی پاٹل نے عازمین حج سے گزارش کی کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی اور خصوصی طور پر ریاست کرناٹک و ضلع وجئے پور والوں کے لئے دعا کریں اور خود انہیں بھی یاد رکھیں ۔ کانگریس رہنما عبدالحمید مشرف نے جلسہ کی صدارت کی۔ شہ نشین پر عمائدین شہر کی بڑی تعداد کے علاوہ ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر کاپسے موجود تھے۔ جلسہ کاآغاز مولانا اشرف علی کی تلاوت سے ہوا۔ سید مندی پیراں نے نعت پڑھی۔ اسلم مجاور نے خیر مقدم کیا۔ عبدالنبی جمعدار نے گلپوشی کی رسم ادا کی۔ مولانافاروق شطاری نے نظامت کی۔ ضلع کے تقریباً 400 عازمین حج کو ٹیکے لگوائے گئے ۔

Leave a comment

About saheem

Check Also

کروناندھی کی حالت بگڑی –

چنئی (ایجنسیز) تملناڈو کے سابق وزیر اعلیٰ اور ڈی ایم کے کے سربراہ ایم کروناندھی …

جواب دیں

%d bloggers like this: