سرورق / خبریں / بین الاقوامی اینرجی فورم کی وزیر سطح کی میٹنگ میں پی ایم مودی نے کہا، خام تیل کی قیمتوں کا ذمہ د رانہ تعین ہو-

بین الاقوامی اینرجی فورم کی وزیر سطح کی میٹنگ میں پی ایم مودی نے کہا، خام تیل کی قیمتوں کا ذمہ د رانہ تعین ہو-

نئی دہلی، وزیراعظم نریندر مودی نے عالمی سطح پر خام تیل اور گیس کی ’قیمتوں کا ذمہ دارطریقہ سے تعین ‘ اور شفافیت اور لچکدار بازار کی وکالت کرتے ہوئے آج کہاکہ ہندستان کو غریبوں کے لئے سستی توانائی کی ضرورت ہے۔ مسٹر مودی نے یہاں بین الاقوامی اینرجی فورم کی وزیر سطح کی میٹنگ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ’تیل اور گیس کاروبار کے ساتھ ساتھ ضرورت کی چیزیں بھی ہیں۔ عام آدمی کو رسوئی سے لیکر طیاروں تک کے لئے توانائی کی ضرورت ہے۔ دنیا میں ان کی قیمتوں میں بڑے پیمانہ پر اتار چڑھاو ہوتا رہا ہے۔ ہمیں ذمہ دارانہ قیمتوں کے تعین کی طرف بڑھنا چاہئے جس سے پیداوار کنندگان اور صارفین دونوں کے مفادات محفوظ رہیں۔
فورم کی وزیر سطحی میٹنگ ہر دو برس پر ہوتی ہے ۔ دنیا کے 90فیصد خام تیل اور گیس کی پیداوار کرنے والے اور صارفین ملک اس کے رکن ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ فورم کی میٹنگ کا استعمال ذمہ دارانہ قیمتوں کے تعین پر عالمی رضامندی بنانے کے لئے ہونا چاہئے۔ اس سے صارفین اور پیداوار کنندگان کے مفادات کا تحفظ ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ توانائی کی ضرورتوں کو پوراکرنے کے لئے شفافیت بازار کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ تیل اور گیس دونوں کے لئے ہمیں شفافیت اور لچکدار بازار کی سمت میں بڑھنے کی ضرورت ہے ۔ اسی وقت ہم انسانوں کی توانائی کی ضرورت مناسب طریقہ سے پورا کرسکیں گے۔
مسٹر مودی نے کہاکہ دنیا کو ایک ساتھ ترقی کرنے کے لئے پیداوار کنندگان(مینوفیکچرر) اور صارفین ممالک کے تعلقات باہمی تعاون پر مبنی ہونے چاہئیں۔ یہ پیداوار کنندگان ممالک کے بھی مفاد میں ہے کہ دیگر ممالک کی معیشت تیز اور مستحکم طریقہ سے بڑھے۔ اس سے ان کا بازار بڑھتا رہے گا۔ تاریخ شاہد ہے کہ قیمتوں میں بناوٹی تیزی خودکش ثابت ہوئی ہے۔ اس سے ترقی پذیر اور سب سے کم ترقی یافتہ ممالک میں نچلی سطح کے لوگوں کی بھی مشکلات بڑھی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عالمی غیریقینی کے درمیان ہندستان بھی توانائی کا تحفظ چاہتا ہے۔ ہندستان کے توانائی کے مستقبل کے میرے تصور کے چار ستون ہیں۔ توانائی تک آسان پہنچ، توانائی کی اہلیت، توانائی کے تسلسل اور توانائی سیکورٹی ۔ جامع تناظر میں توانائی اور خاص طورسے ہائیڈروکاربن ہندستان کے مستقبل کے لئے میرے تصور کا اہم حصہ ہیں۔ ہندستان کو غریبوں کے لئے کفایتی اور سہل الحصول توانائی کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ممالک کی کمیٹی کے ذمہ داررکن کے طورپر ہندستان ماحولیاتی بحران کے خلاف لڑائی، زہریلی گیسوں کا اخراج کم کرنے اور پائیدار مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

Leave a comment

About saheem

Check Also

کروناندھی کی حالت بگڑی –

چنئی (ایجنسیز) تملناڈو کے سابق وزیر اعلیٰ اور ڈی ایم کے کے سربراہ ایم کروناندھی …

جواب دیں

%d bloggers like this: