سرورق / خبریں / اورنگ آباد تبلیغی اجتماع میں لاکھوں کی شرکت، مولانا سعد گروپ نے جھونک دی پوری طاقت-

اورنگ آباد تبلیغی اجتماع میں لاکھوں کی شرکت، مولانا سعد گروپ نے جھونک دی پوری طاقت-

ممبئی۔ مہاراشٹر کے تاریخی شہر اورنگ آباد میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع کے دوسرے دن یعنی کل لاکھوں فرزندان توحید کے پہنچنے سے لمبے جلگاؤں تحصیل میں اجتماع گاہ کھچا کھچ بھرا نظرآیا اور یہاں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ لاکھوں کی تعداد میں فرزند ان توحید کی آمد سے منتظمین نے اپیل کی ہے کہ صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا جائے اور پیر کوآخری دن دعاء کے بعد گھر روانہ ہوتے ہوئے ڈسپلن کا بھر پور خیال رکھا جائے ،ایسا محسوس ہورہا ہے کہ مولانا سعد کے دھڑے نے اجتماع کی کامیابی کے لیے پوری طاقت لگا دی ہے۔ اورنگ آباد میں اجتماع کے منتظمین اور شہری انتظامیہ نے بھرپورحفاظتی اور احتیاطی انتظامات کیے ہیں۔ اجتماع گاہ کے آس پاس پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ کمشنر اور اے سی پی رینک کے تین اعلیٰ افسران کی نگرانی میں 25پولیس انسپکٹرس اور 70 انسپکٹرس کے ساتھ سات ایس آر پی ایف کی چار کمپنیاں اور ایک ہزارٹریفک پولیس اہلکار اور بم اسکوڈ موجود ہے۔
علاقے میں بجلی اور پانی کی فراہمی کا معقول انتظام ہے اور دیہاتیوں کا مکمل تعاون حاصل ہے ۔ فائرعملہ اور محکمہ صحت کا عملہ بھی سرگرم ہے جبکہ مہاراشٹرالیکٹرسٹی سپلائی کا محکمہ کے انجنیئر اور عملہ رات دن موجود ہے تاکہ سپلائی میں کوئی رخنہ نہ پیدا ہو۔ اس اجتماع کے انعقاد میں حکومت کا بھی خاموش تعاون حاصل ہے۔ اجلاس کے آخری دن یعنی آج پیر کو حکومت مہاراشٹر نے تمام مسلم اسکولوں کی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے تاکہ لوگ دعا میں شریک ہو سکیں۔ موصول اطلاع کے مطابق اورنگ آباد اجتماع میں 129 ممالک سے70 ہزار سے زائد شرکاء کی شرکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تبلیغی جماعت دو حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے اور اس کا ایک حصہ مولانا سعد کا حامی ہے جبکہ دوسرا مولانا کا مخالف ہے۔ تقسیم کے بعد یہ پہلا بڑا اجتماع ہے۔ اس لئے مولانا سعد نے اپنا قد دکھانے کے لئے پوری طاقت جھونک دی ہے۔ لمبے جلگاوں میں زبردست رونق ہے اور تقریبا چار لاکھ لوگ وہاں موجود ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ آخری دن بھی تعداد دس لاکھ سے زیادہ ہو جائے گی۔ ویسے انتظامیہ نے 15 لاکھ افراد کا انتظام کیا ہو اہے۔ ملک بھر سے اللہ کے دین کی سربلندی کے متمنی نوجوان اجتماع گاہ کی زمین کو ہموار کرنے سے شامیانے لگانے ،وضو خانوں ، طہارت خانوں اور دیگر امور کو مکمل کرنے میں دن رات ایک کیا جب جاکر یہ جگہ تیار ہوئی۔ لاکھوں فرزندان توحید اجتماع گاہ میں موجود تھے۔ امیرانتظامی امور تبلیغی اجتماع کے مطابق عالمی تبلیغی اجتماع میں حضرت مولانا محمد سعد کی موجودگی میں ملک وبیرونی ملک سے لاکھوں بندگان توحید پہنچے۔
واضح رہے کہ اجتماع کی تیاریوں میں سماج کے تمام افراد نے بھر پور تعاون کیا ہے۔ خصوصاً برادران وطن بھی ہرممکن مدد کررہے ہیں۔ انہوں نے اجتماع گاہ کے لیے اپنی زمین مفت فراہم کی ہے۔ 87 لاکھ مربع فٹ اراضی پر وسیع و عریض پنڈال ( شامیانے ) نصب کیے گئے ہیں۔ جس میں تقریباً 10 لاکھ افراد کے بیٹھنے اورسونے کا انتظام کیا گیا ہے۔3 ہزار سے زائد علماء کرام و حفاظ عظام کے قیام و طعام کانظم علیحدہ کیا گیاہے۔ اسٹیج 2570مربع فٹ کا بنایا گیا ہے۔ شامیانے کو چالیس حصوں میں تقسیم کیاگیا۔ ریاست مہاراشٹر کے 32 اضلاع کے لیے علیحدہ شامیانے بنائے گئے ہیں، مہاراشٹر کے تمام اضلاع کے علاوہ اترپردیش ، گجرات ، راجستھان ، مدھیہ پردیش ، آندھرپردیش، تلنگانہ ، کرناٹک ، کیرالا ، تمل ناڈو اور دیگر ریاستوں کے علاوہ بیرونی ممالک میں قیام پذیرہندستانی اور دیگر ممالک کے تبلیغی ذمہ داران بھی عالمی مشورہ میں شرکت کررہے ہیں۔

Leave a comment

About saheem

Check Also

کروناندھی کی حالت بگڑی –

چنئی (ایجنسیز) تملناڈو کے سابق وزیر اعلیٰ اور ڈی ایم کے کے سربراہ ایم کروناندھی …

جواب دیں

%d bloggers like this: